بھٹکل :28/اکتوبر(ایس او نیوز)پی ایل ڈی بینک ڈائرکٹر وں نے اپنی جان کا خطرہ محسوس کرتے ہوئے جان کی امان اور تحفظ کی مانگ لے کر اعلیٰ پولس افسران سے درخواست کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ 4نومبر پی ایل ڈی بینک صدر کے خلاف عدم اعتماد تحریک کے فیصلہ کا دن ہے ، لیکن جس طرح پہلے دن سے یہ معاملہ ڈائرکٹروں کے دو گروہوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کا سبب بنا ہے اتنا ہی عوامی سطح پر ڈائرکٹروں سے بیزارگی اور بینک کی بدنامی کا باعث بھی بنا ہے اس دوران یہ سنسنی خیز خبر موصول ہوئی ہے کہ بینک کے ڈائرکٹر اور آئندہ صدار تی امیدوار کہلانے والے دیوی داس ناگپا نائک اوردیگر ڈائرکٹروں نے موجودہ بینک صدر سنیل بی نائک اور دیگر افراد سے اپنی جان کو خطرہ ہونے کا سبب لے کر پولس افسران سے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست دی ہے۔
متعلقہ اپیل ساحل آن لائن کو دستیاب ہوئی ہے ، عرضی داروں نے پی ایل ڈی بینک کے موجودہ حالات کی تفصیل بتاتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ ہائی کورٹ نے 26اکتوبر کو اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کے متعلق انتخابات منعقد کریں۔ اس دن ہونے والی ہار سے بچنے کے لئے عدم اعتماد تحریک پر دستخط کرنے والے 8ڈائرکٹروں میں سے کسی ایک کو اغواء کرکے 4نومبر کی میٹنگ میں غیر حاضر رہنے کے لئے سنیل نائک، چندرا نارائن نائک، دینیش ماستی نائک، روی نائک اور دیگر افراد نے سازش رچی ہے۔ ہمارے گھروں کے سامنے سنیل نائک کے حمایتی گاہے بگاہے نظر آنے کا اپیل میں الزام لگایا گیا ہے۔
ڈائرکٹروں نے پولس افسران کو عرضی سونپتے ہوئے ملزموں کے پس منظرکو لے کر کئی ایک معاملات کا ذکر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔اور اسی پس منظر میں انہیں جان کا خطرہ ہونے کی بات کہی ہے۔ ولس اعلیٰ افسران نے اپیل وصول کرنے کے بعد ضروری اقدام کرنے کا تیقن دئیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔